بلوچستان : آپریشن ردالفتنہ۔1 جاری ،216 دہشتگرد مارے گئے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے شروع کیا گیا آپریشن ردالفتنہ۔1 کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس جامع اور منظم آپریشن کے دوران 216 خطرناک دہشتگرد ہلاک کیے گئے، جس کے نتیجے میں صوبے میں سرگرم تخریبی نیٹ ورکس کو فیصلہ کن نقصان پہنچا ہے۔

latest urdu news

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجگور اور ہرنائی سمیت مختلف حساس علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کا مقصد دہشتگردوں کے ٹھکانوں، سہولت کاری کے نیٹ ورک اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو مکمل طور پر تباہ کرنا تھا۔ کارروائیوں کے نتیجے میں بھارتی پراکسی گروہوں کی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئیں اور ان کی قیادت مفلوج ہو کر رہ گئی۔

بیان کے مطابق آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے غیر ملکی ساختہ اسلحہ، بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد، مواصلاتی آلات اور دیگر جدید سازوسامان برآمد کیا گیا، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی کوششوں کے پیچھے بیرونی عناصر اور منظم سہولت کاری شامل تھی۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ اس آپریشن کے دوران دشمن کی بزدلانہ کارروائیوں میں 36 معصوم شہری شہید ہوئے، جب کہ مادرِ وطن کے دفاع میں 22 بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ فورسز نے ان شہداء کی قربانیوں کو قوم کی سلامتی کے لیے لازوال قرار دیتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

بلوچستان میں 12 مقامات پر دہشتگرد حملے ناکام

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کا عزم غیر متزلزل ہے اور بلوچستان میں امن و استحکام کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ قوم شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ردالفتنہ۔1 کی کامیابی اس بات کی غماز ہے کہ ریاست دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور پاکستان کے امن، خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ مستقبل میں بھی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور سکیورٹی اقدامات جاری رہیں گے تاکہ دہشتگردی کا مکمل صفایا یقینی بنایا جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter