دہشتگردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی: فیلڈ مارشل عاصم منیر

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح اور سخت الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان میں تشدد اور دہشتگردی کسی بھی جواز کے تحت قابلِ قبول نہیں اور ریاست دشمن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی دہشتگرد ہو یا اس کا سہولت کار، کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا اور امن و امان کے قیام تک سکیورٹی فورسز کی جدوجہد جاری رہے گی۔

latest urdu news

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آج کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہیں بلوچستان کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور جاری داخلی سکیورٹی آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں دہشتگردی کے خلاف حالیہ کارروائیوں، انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشنز اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ دہشتگردی ایک ناسور ہے جس کا خاتمہ قومی بقا کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاست دشمن عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور قانون کی عملداری ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے پیچھے موجود سہولت کاروں اور نیٹ ورکس کو بھی پوری قوت سے نشانہ بنایا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں جاری تین روزہ انسداد دہشتگردی آپریشنز میں سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان، فرنٹیئر کور اور پولیس کے جوان مادرِ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کی قربانی دے رہے ہیں، جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر

دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں میں زخمی ہونے والے فوج، ایف سی اور پولیس کے اہلکاروں کی عیادت کی۔ فیلڈ مارشل نے زخمی جوانوں کے حوصلے اور جذبے کو سراہتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں گزشتہ تین دنوں سے جاری آپریشن کے دوران فتنہ ہندوستان سے تعلق رکھنے والے 197 دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ ان کارروائیوں میں مادرِ وطن اور معصوم شہریوں کا دفاع کرتے ہوئے پاکستان کے 22 بہادر سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے، جبکہ دہشتگردوں کے حملوں میں 36 عام شہری بھی جان کی بازی ہار گئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کی کوئٹہ آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ نے ان کا استقبال کیا۔ عسکری قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں امن کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter