گجرات کے عوام کی بہتر سہولیات اور ترقی کے لیے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے شہر کو مسائل سے پاک بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کے اختتام تک شہر کی کوئی سڑک ٹوٹی ہوئی نہیں نظر آئے گی اور تمام ترقیاتی منصوبے شفاف، معیاری اور کرپشن سے پاک طریقے سے مکمل کیے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے گجرات کے معروف رہنما چوہدری عکاظ ضیاء متہ سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں شہر کی مجموعی سیاسی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چوہدری شافع حسین نے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ظہور الہی اسٹیڈیم کے قریب 100 کیوسک کا ڈسپوزل اسٹیشن فنکشنل ہو چکا ہے، جس سے بارہ دری اور گردونواح کے علاقوں میں سیوریج اور اربن فلڈنگ کا دیرینہ مسئلہ ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کی ٹوٹ پھوٹ والی سڑکوں کو ترجیحی بنیادوں پر دوبارہ تعمیر کیا جا رہا ہے اور سیوریج کی وجہ سے خراب ہونے والی سڑکوں کی جلد مرمت بھی یقینی بنائی جائے گی۔
چوہدری شافع حسین نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کے تحت گجرات میں جلد الیکٹرک بسیں متعارف کرائی جائیں گی، جس سے شہریوں کے لیے جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر آئے گی۔ سروس موڑ فلائی اوور کی تعمیر فروری کے آخر تک مکمل کر لی جائے گی، جس سے شہر میں ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
گجرات: محکمہ ماحولیات کی کارروائی، 500 کلو ممنوعہ پولی تھین بیگز برآمد
ملاقات کے دوران چوہدری عکاظ ضیاء متہ نے جلالپور جٹاں کارپٹ روڈ کے افتتاح کی دعوت دی اور سوک کلاں یونین کونسل کے مسائل سے وزیر کو آگاہ کیا۔
چوہدری شافع حسین نے یقین دہانی کرائی کہ مستقبل میں عوامی فلاح کے کاموں میں رہنماوں کی رائے کو اہمیت دی جائے گی۔ چوہدری عکاظ ضیاء متہ نے کہا کہ چوہدری برادران کی قیادت میں حلقے کی تمام یونین کونسلوں میں بلا تفریق معیاری ترقیاتی کام جاری ہیں اور وہ سوک کلاں کے عوام کو مسائل سے پاک بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
