وزارتِ مذہبی امور نے حج 2026 کے عازمین کے لیے سعودی ویزہ بائیو میٹرک سے متعلق اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ترجمان وزارت کے مطابق حج کے لیے منتخب ہونے والے تمام عازمین کے لیے سعودی ویزہ بائیو میٹرک کا عمل مکمل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، بصورتِ دیگر حج ویزہ جاری نہیں کیا جائے گا۔
وزارتِ مذہبی امور کے بیان کے مطابق عازمین کو اپنا بائیو میٹرک مکمل کرنے کے لیے ’’سعودی ویزہ بائیو‘‘ موبائل ایپ استعمال کرنی ہوگی، جس کے ذریعے فنگر پرنٹس اور دیگر بائیو میٹرک معلومات فراہم کی جائیں گی تاکہ سعودی حکام ویزہ کے اجراء کے عمل کو بروقت مکمل کر سکیں۔
ترجمان نے بتایا کہ بعض عازمین کو ایپ کے ذریعے بائیو میٹرک کے دوران فنگر پرنٹس میچ نہ ہونے یا تکنیکی مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔ ایسے عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 8 فروری تک قریبی تاشیر سینٹر سے رجوع کریں اور وہاں اپنا بائیو میٹرک مکمل کرائیں۔ مقررہ تاریخ تک بائیو میٹرک مکمل نہ کروانے کی صورت میں حج ویزہ جاری نہیں کیا جائے گا اور اس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ عازم پر عائد ہوگی۔
عازمینِ حج 2026 کی لازمی تربیت، پہلے مرحلے کا شیڈول جاری
وزارت نے مزید کہا کہ سعودی حکومت کی جانب سے بائیو میٹرک کے عمل کو حج انتظامات کا لازمی حصہ قرار دیا گیا ہے، تاکہ عازمین کے ڈیٹا کی درستگی، سیکیورٹی اور امیگریشن کے عمل کو مؤثر بنایا جا سکے۔
عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آخری وقت کا انتظار کیے بغیر جلد از جلد ’’سعودی ویزہ بائیو‘‘ ایپ کے ذریعے اپنا بائیو میٹرک مکمل کریں تاکہ کسی قسم کی تاخیر یا مشکلات سے بچا جا سکے۔ وزارتِ مذہبی امور نے عازمین سے تعاون کی اپیل کی ہے تاکہ حج 2026 کے انتظامات بروقت اور شفاف طریقے سے مکمل کیے جا سکیں۔
