جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ضلع بھر میں فوڈ سیفٹی قوانین کے مؤثر نفاذ کے لیے کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔
ان آپریشنز کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز فرحان وسیم کر رہے ہیں، جن کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں 74 فوڈ پوائنٹس کا تفصیلی معائنہ کیا تاکہ عوام کو معیاری اور محفوظ اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
معائنے کے دوران فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 37 فوڈ بزنس آپریٹرز کو معیار میں بہتری کے لیے وارننگ نوٹس جاری کیے گئے، جبکہ صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پر 3 فوڈ پوائنٹس پر مجموعی طور پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے واضح کیا کہ ملاوٹ زدہ، غیر معیاری اور مضر صحت اشیائے خورونوش کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
جہلم میں فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر کریک ڈاؤن، جرمانے، نوٹس اور مضر اشیاء تلف
فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مہم کے دوران فوڈ پوائنٹس کے پروڈکشن ایریاز کی صفائی، کارکنان کے میڈیکل سرٹیفکیٹس اور مجموعی حفظانِ صحت کے انتظامات کی بھی جانچ پڑتال کی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز فرحان وسیم نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ معائنہ کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹس پیش کی جائیں تاکہ فوڈ سیفٹی قوانین کی بالادستی اور شفافیت کو ہر سطح پر برقرار رکھا جا سکے۔
