پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف سینئر اداکارہ نوشابہ بی بی نے اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے حیران کن انکشاف کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی شادی صرف 12 سال کی عمر میں ہوئی اور اسی سال انہوں نے ٹی وی پر بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کرنا شروع کیا۔
انٹرویو میں نوشابہ بی بی نے بتایا کہ شوبز میں قدم رکھنے سے قبل ان کے پاس کسی اور ملازمت کا وقت ہی نہیں تھا کیونکہ ان کی شادی بہت کم عمر میں ہو گئی تھی۔ انہوں نے یاد کرتے ہوئے کہا، “میں گڑیا اور اپنی سہلیوں کے ساتھ کھیل رہی تھی کہ مجھے پتا چلا کہ گھر میں کسی کی شادی ہو رہی ہے۔ میں بھاگتی ہوئی آئی اور مجھے پکڑ کے بٹھا دیا گیا اور لپ اسٹک لگا دی گئی۔ لپ اسٹک کی خوشی میں یہ بھول گئی کہ مجھے کہیں اور جانا ہے، یہ میری کمزوری ہے۔”
اداکارہ نے مزید بتایا کہ شادی کے بعد جب سب مہمان چلے گئے، تو انہوں نے اپنی بڑی نند سے کہا کہ اب مجھے اپنے گھر بھیج دو۔ اس وقت ان کے شوہر اور ان کی عمر میں 23 سال کا فرق تھا۔ نوشابہ بی بی نے کہا کہ وہ 14 سال کی عمر میں ماں بنیں، ان کی پہلی اولاد بیٹا تھا، اور اب وہ تین بیٹوں اور ایک بیٹی کی ماں ہیں۔
شادی سے پہلے طلاق کی پیشگوئی پر ہانیہ عامر کا طنزیہ ردعمل
نوشابہ بی بی نے بتایا کہ ان کے والد سخت مزاج انسان تھے اور انہوں نے کبھی شوبز میں کام کرنے کی اجازت نہیں دی، حالانکہ ان کے کئی شاگرد پی ٹی وی میں کام کر رہے تھے۔ انہوں نے اپنی ساس سے ٹی وی پر کام کرنے کی اجازت مانگی اور ان کے شوہر نے ان کا ساتھ دیا، جس کے بعد انہوں نے بطور چائلڈ آرٹسٹ اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔
یہ انکشاف پاکستانی شوبز اور سماجی حلقوں میں بچوں کی کم عمری میں شادی کے حوالے سے بحث کا نیا نقطہ سامنے لاتا ہے اور اداکارہ کی زندگی کے چیلنجز کو اجاگر کرتا ہے۔
