دُکی میں حیران کن چوری: اسسٹنٹ کمشنر آفس سے 270 کلو منشیات غائب

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

بلوچستان کے ضلع دُکی میں ایک غیر معمولی اور چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں نامعلوم چور اسسٹنٹ کمشنر آفس کے احاطے میں قائم مال خانے سے بھاری مقدار میں منشیات چوری کر کے فرار ہو گئے۔ اس واقعے نے نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حیرت میں ڈال دیا ہے بلکہ سرکاری دفاتر کی سیکیورٹی پر بھی سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

latest urdu news

پولیس حکام کے مطابق چور رات کی تاریکی میں اسسٹنٹ کمشنر آفس میں داخل ہوئے۔ ملزمان نے مال خانے کی کھڑکی توڑ کر اندر رسائی حاصل کی اور وہاں موجود منشیات چرا لی۔ چوری ہونے والی منشیات میں 233 کلو گرام افیون اور 37 کلو گرام چرس شامل ہے، جس کی مجموعی مقدار 270 کلو گرام بنتی ہے۔ واردات کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

حکام کے مطابق یہ منشیات مختلف کارروائیوں اور چھاپوں کے دوران لیویز فورس نے ضبط کی تھی۔ ضبط شدہ منشیات کے مقدمات تاحال مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہیں اور قانونی کارروائی مکمل ہونے تک یہ منشیات سرکاری تحویل میں رکھی گئی تھی۔ ایسے میں مال خانے سے اتنی بڑی مقدار میں منشیات کا غائب ہونا انتظامی غفلت کا واضح ثبوت قرار دیا جا رہا ہے۔

ایس ایچ او دُکی فرمان علی کھوسہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ منشیات کی چوری کے حوالے سے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے اور ملزمان تک پہنچنے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج، سیکیورٹی انتظامات اور متعلقہ عملے سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ میں تشویش پائی جا رہی ہے جبکہ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین غفلت کے ذمہ داران کا تعین کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے لائے جائیں گے اور ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter