پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے پانچ رکنی کمنٹری پینل کا اعلان کر دیا ہے۔
سابق آسٹریلوی ٹیسٹ اوپنر سائمن کیٹچ اس سیریز میں بطور کمنٹیٹر فرائض انجام دیں گے۔ وہ مارچ 2022 میں بھی آسٹریلوی ٹیم کے تاریخی دورے کے دوران پاکستان میں تین ٹیسٹ میچز میں کمنٹری کر چکے ہیں۔
کمنٹری پینل میں سائمن کیٹچ کے ساتھ سابق پاکستانی ٹیسٹ کپتان عامر سہیل، رمیز راجہ، سابق ٹیسٹ بلے باز بازید خان اور سابق کپتان پاکستان ویمنز ٹیم کی عروج ممتاز شامل ہیں۔
پی سی بی کے مطابق زینب عباس پچ سائیڈ سیگمنٹ کی میزبانی کریں گی، جہاں ناظرین کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہونے والے تینوں میچز کے پری اور پوسٹ میچ شوز کے دوران ماہرین کی تفصیلی تجزیاتی گفتگو سننے کو ملے گی۔
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی لاہور آمد، پاک آسٹریلیا ٹی 20 سیریز کا آغاز جمعرات سے ہوگا
اس سیریز کی ہائی ڈیفینیشن نشریات 28 کیمروں کی مدد سے کی جائیں گی، جن میں بگی کیم بھی شامل ہے، جبکہ ڈی آر ایس ٹیکنالوجی، ہاک آئی اور الٹرا ایج کا بھی استعمال کیا جائے گا۔
سیریز کا آغاز کل سے ہوگا، دوسرے اور تیسرے میچ بالترتیب ہفتہ 31 جنوری اور یکم فروری کو کھیلے جائیں گے، اور تمام میچز کی پہلی گیند شام 4 بجے پاکستانی وقت پر کروائی جائے گی۔
