گجرات کی تاریخی پہچان جگمگا اٹھی، کیدارناتھ حویلی لائٹنگ سے روشن

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ضلع گجرات میں شہری حسن کو نکھارنے اور تاریخی ورثے کو اجاگر کرنے کی مہم کے تحت شہر کی ایک عظیم اور قدیم عمارت، تاریخی کیدارناتھ حویلی کو جدید اور دلکش لائٹنگ سے روشن کر دیا گیا ہے۔ روشنیوں سے مزین اس عمارت نے رات کے وقت ایک شاندار منظر پیش کرنا شروع کر دیا ہے، جس سے نہ صرف اس کی تاریخی اہمیت نمایاں ہوئی ہے بلکہ شہر کی مجموعی خوبصورتی میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

latest urdu news

کیدارناتھ حویلی 1905 میں تعمیر کی گئی تھی اور اسے لالہ کیدارناتھ نے بنوایا تھا، جو اس دور کے گجرات کے ایک متمول ہندو شہری اور اعزازی مجسٹریٹ تھے۔ یہ عمارت چار کنال اور انیس مرلہ رقبے پر محیط ہے اور اس میں مجموعی طور پر 25 وسیع و عریض کمرے شامل ہیں۔ کیدارناتھ حویلی اپنے منفرد طرزِ تعمیر کے باعث ابتدا ہی سے شہر کی نمایاں عمارتوں میں شمار ہوتی رہی ہے۔

اس تاریخی عمارت کا فنِ تعمیر یونانی اور رومی طرزِ تعمیر کا خوبصورت امتزاج ہے، جس میں بلند ستون، کشادہ برآمدے اور نفیس نقش و نگار آج بھی ماضی کی عظمت کی جھلک پیش کرتے ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ یہ عمارت فاطمہ جناح کالج کے طور پر استعمال ہوتی رہی، تاہم اس کی تاریخی حیثیت اور ثقافتی اہمیت ہمیشہ برقرار رہی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس منصوبے کا مقصد شہر کے تاریخی تشخص کو اجاگر کرنا، عوام کو اپنے ثقافتی ورثے سے جوڑنا اور سیاحتی امکانات کو فروغ دینا ہے۔ جدید لائٹنگ کے ذریعے عمارت کے اہم حصوں کو اس انداز میں نمایاں کیا گیا ہے کہ اس کے اصل حسن اور طرزِ تعمیر کی خوبیاں واضح طور پر نظر آتی ہیں۔

یہ اقدام ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین قریشی کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لایا گیا، جبکہ اس منصوبے کی عملی تکمیل اسسٹنٹ کمشنر گجرات عبدالقدیر زرکون کی نگرانی اور کاوشوں سے ممکن ہوئی۔ ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ بھی گجرات کے دیگر تاریخی مقامات کو محفوظ بنانے اور خوبصورت بنانے کے لیے اسی نوعیت کے اقدامات کیے جائیں گے۔

شہریوں اور تاریخی ورثے سے دلچسپی رکھنے والے افراد نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ایسے منصوبے نہ صرف شہر کی شناخت کو مضبوط کریں گے بلکہ آنے والی نسلوں کو بھی اپنے ماضی سے روشناس کرانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter