پنجاب پولیس نے انسدادِ دہشت گردی عدالتوں (اے ٹی سی) کے ججز کی سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے 11 نئی بڑی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے آئی جی پنجاب کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو 23 کروڑ 86 لاکھ 45 ہزار روپے کی سمری ارسال کر دی گئی ہے۔
سمری میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملک کے عدالتی نظام کو سنگین سکیورٹی خدشات لاحق ہیں، جس کے پیش نظر اے ٹی سی ججز کی نقل و حرکت کے لیے جدید اور محفوظ گاڑیوں کی ضرورت ہے۔ سکیورٹی تھریٹس سے متعلق مراسلہ بھی سمری کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نئی گاڑیاں خریدنے کے لیے 14 کروڑ 18 لاکھ 45 ہزار روپے درکار ہوں گے، جبکہ ایک گاڑی کی قیمت ایک کروڑ 28 لاکھ 95 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ گاڑیوں کو بلٹ پروف بنانے کے لیے مزید 9 کروڑ 68 لاکھ روپے کی ضرورت ہوگی، جس کے تحت ایک گاڑی کو بلٹ پروف بنانے پر تقریباً 88 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔
پنجاب پولیس نے وزیراعلیٰ سے درخواست کی ہے کہ اس اہم سکیورٹی ضرورت کو مدِنظر رکھتے ہوئے گاڑیوں کی خریداری اور بلٹ پروفنگ کے لیے سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی جائے، تاکہ اے ٹی سی ججز کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
