ڈی آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اعتزاز گورایہ نے بتایا ہے کہ پشین میں سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ کارروائی کے دوران سی ٹی ڈی کے 10 اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔
کوئٹہ میں وزیراعلیٰ کے سیاسی و میڈیا امور کے معاون شاہد رند کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعتزاز گورایہ نے کہا کہ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے راکٹ لانچرز، کلاشنکوفیں، ہینڈ گرینیڈز اور بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔ ان کے مطابق مجموعی طور پر آپریشن کامیاب رہا اور مزید ملوث عناصر کے خلاف بھی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ جس علاقے میں کارروائی کی گئی وہاں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے عناصر کی آمد و رفت تھی۔ کارروائی سے قبل دہشتگردوں کو سرنڈر کرنے کا پیغام بھی پہنچایا گیا اور ثالثین بھی بھیجے گئے، تاہم سرنڈر نہ کرنے پر مقابلہ ہوا۔
خیبر پختونخوا میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 6 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ و بارودی مواد برآمد
انہوں نے واضح کیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مقصد ہلاکتیں نہیں بلکہ امن کا قیام ہے، مگر مزاحمت کی صورت میں کارروائی ناگزیر ہو جاتی ہے۔
اس موقع پر شاہد رند نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو واضح پیغام ہے کہ ان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی، اور اس ضمن میں کسی قسم کا سیاسی دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔
