گجرات: سنگین مقدمات میں ملوث ملزم فائرنگ کے واقعے میں ہلاک

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

گجرات میں تھانہ اے ڈویژن پولیس کی جانب سے درج مقدمات میں مطلوب ایک سنگین جرائم میں ملوث ملزم نوید عنائیت عرف مرزا چاند فائرنگ کے ایک واقعے میں ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ملزم کو برآمدگی کے لیے دوسرے علاقے منتقل کیا جا رہا تھا۔

latest urdu news

پولیس حکام کے مطابق نوید عنائیت ولد محمد عنائیت، ساکن محلہ گڑی احمد آباد، مختلف سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ریکارڈ کے مطابق ملزم کے خلاف 10 سے زائد مقدمات درج تھے جن میں منشیات، ناجائز اسلحہ، زنا بالجبر، خلافِ وضع فطری اور قتل جیسے الزامات شامل تھے۔ پولیس کے مطابق ایک نمایاں مقدمہ نمبر 503/16 مورخہ 12 مئی 2016 تھا، جس میں اغوا اور قتل کی دفعات شامل تھیں۔ اس مقدمے میں ملزم کو سزائے موت سنائی گئی تھی تاہم بعد ازاں وہ بری ہو گیا تھا۔

حالیہ دنوں میں ملزم کے خلاف تھانہ اے ڈویژن میں ایک ٹرانسجینڈر شہری کے ساتھ مبینہ طور پر اسلحہ اور چاقو کے زور پر جنسی زیادتی اور لوٹ مار کا مقدمہ نمبر 13/26 مورخہ 21 جنوری 2026 درج کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق اس واقعے کے بعد ملزم ٹرانسجینڈر کمیونٹی کو دھمکیاں بھی دے رہا تھا۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا اور سائنسی بنیادوں پر تفتیش کے دوران ڈی این اے ٹیسٹ بھی کرایا گیا۔

پولیس کے مطابق گزشتہ رات ملزم کو وقوعہ میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ برآمد کرنے کے لیے تھانہ صدر لالہ موسیٰ کے علاقے میں لے جایا جا رہا تھا کہ اس دوران دو نامعلوم مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، جس کا مقصد ملزم کو چھڑانا بتایا جا رہا ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں ملزم زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر طبی امداد دی گئی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter