ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے نان فارمل ایجوکیشن سے وابستہ اساتذہ اور طلبہ کیلئے مصنوعی ذہانت (AI) پر مشتمل پروفیشنل ٹریننگ کورس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس تربیتی پروگرام کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے روشناس کروانا اور انہیں عالمی منڈی کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بغیر ترقی کا تصور ممکن نہیں۔ موجودہ دور میں آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کی تعلیم ہی نوجوانوں کو بااختیار بنا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرام طلبہ اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کریں گے۔
یہ تربیتی کورس آئی ٹی ایکسپرٹ سید علی عباس زیدی اور ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی میمونہ انجم کی زیر نگرانی ترتیب دیا گیا ہے، جس میں جدید آئی ٹی اسکلز اور مصنوعی ذہانت کے عملی پہلوؤں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ ایسے تمام تعلیمی اور تربیتی منصوبوں کی مکمل سرپرستی کرے گی جو نوجوانوں کو جدید علوم، ہنر اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوں۔
