جہلم شہر اور جی ٹی روڈ اس وقت غیر قانونی سائن بورڈز، تجاوزات اور ویگن و چنگ چی رکشوں کے غیر مجاز اڈوں کا گڑھ بن چکے ہیں، جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ متعلقہ انتظامیہ کی خاموشی نے کئی سوالات کو جنم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اندرون شہر اور جی ٹی روڈ پر سرکاری و نجی عمارتوں، سڑکوں اور سروس روڈز کے اطراف بڑے بڑے قد آور اشتہاری سائن بورڈز نصب کیے گئے ہیں۔ متعدد ہیوی سائن بورڈز سرکاری عمارتوں کی چھتوں اور جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف لگائے گئے ہیں، جو کسی بھی وقت خطرناک حادثے کا سبب بن سکتے ہیں، مگر ان کی اجازت اور نگرانی کے حوالے سے کوئی واضح کارروائی نظر نہیں آتی۔
دوسری جانب محمدی چوک، سول لائن روڈ، کالا گجراں، روہتاس روڈ، چوک بلال ٹاؤن اور دیگر اہم مقامات پر غیر قانونی ویگن اور چنگ چی رکشہ اسٹینڈز قائم ہو چکے ہیں، جن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ ان اڈوں کے باعث نہ صرف گاڑیوں کی آمدورفت میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے بلکہ پیدل چلنے والوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
جہلم پولیس کی بڑی کارروائی، غیر قانونی پتنگیں اور خونی ڈور برآمد، ملزم گرفتار
شہریوں کا کہنا ہے کہ جی ٹی روڈ اور سروس روڈز پر متعدد دکانداروں نے اپنی دکانوں کا سامان سڑکوں تک پھیلا رکھا ہے، جس سے سروس روڈ استعمال کرنے والے شہری خصوصاً موٹر سائیکل سوار اور پیدل افراد شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ شہریوں کے مطابق جادہ اور میونسپل کمیٹی آفس سے ملحقہ قائم غیر قانونی ویگن اسٹینڈ اور مختلف مقامات پر چنگ چی رکشہ اسٹینڈز آر ٹی اے سیکرٹری اور متعلقہ اداروں کی عدم توجہی کا واضح ثبوت ہیں۔
سماجی اور شہری تنظیموں نے ڈپٹی کمشنر جہلم، اسسٹنٹ کمشنر، انچارج پیرا فورس اور ڈی ایس پی ٹریفک سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے، غیر قانونی سائن بورڈز اور تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور شہر و جی ٹی روڈ پر قائم غیر قانونی ویگن و چنگ چی اڈوں کو فوری طور پر ختم کروایا جائے تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں اور کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔
