وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچے ملک کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے، جبکہ سابقہ پی ٹی آئی حکومت خزانہ خالی چھوڑ کر گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات کے باوجود درست پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت میں استحکام آیا ہے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں ملکی معیشت واضح طور پر سنبھل چکی ہے اور اب درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اشاریے بہتری کی نشاندہی کر رہے ہیں اور حکومت پائیدار ترقی کے لیے پرعزم ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نوجوان، جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت پاکستان کی ترقی کی کنجی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے تاکہ وہ ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
احسن اقبال نے معرکۂ حق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک عظیم کامیابی تھی جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں ایسا مؤثر ردعمل دیا گیا جو بھارت کی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔ ان کے مطابق وزیراعظم اور عسکری قیادت کی بہترین پالیسیوں کے باعث قوم کو نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں۔
پاکستان کو دنیا کی ٹاپ 10 معیشتوں میں شامل کرنا ہمارا ہدف ہے:احسن اقبال
سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ ریاست کے ساتھ کھڑی ہے یا اپنی متنازعہ قیادت کے ساتھ۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی مفاد کو ذاتی سیاست پر ترجیح دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیسے معرکۂ حق میں کامیابیاں حاصل ہوئیں، اسی طرح اڑان پاکستان پروگرام کے تحت بھی مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ احسن اقبال کے مطابق زرعی شعبے میں جدت لانے کے لیے چین کے تعاون سے نوجوانوں کو جدید تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے اور قومی معیشت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
