لاہور کے پوش علاقے گلبرگ میں واقع ایک نجی ہوٹل میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ حادثہ ہوٹل کے بیسمنٹ میں پیش آیا، جہاں آگ لگنے کے نتیجے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ چھ افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ہوٹل میں موجود 180 افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ اس وقت لگی جب ہوٹل میں ایک نجی کالج کی تقریب جاری تھی اور بڑی تعداد میں طلبہ و دیگر افراد موجود تھے۔ ابتدائی تحقیقات میں آتشزدگی کی ممکنہ وجہ بیسمنٹ میں گیس لیکج کو قرار دیا جا رہا ہے، جس کے باعث آگ نے تیزی سے شدت اختیار کی۔ واقعے کے بعد ریسکیو، فائر بریگیڈ اور پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے بتایا کہ آگ ہوٹل کے تہہ خانے میں لگی، تاہم ریسکیو ٹیموں کی بروقت کوششوں کے باعث آگ پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر عمارت کو مکمل طور پر خالی کرا لیا گیا ہے اور اس وقت ہوٹل میں کوئی فرد موجود نہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آتشزدگی کے باعث جھلسنے اور دم گھٹنے سے متاثر ہونے والے چھ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی، جن میں ایک شخص 35 سے 40 فیصد تک جھلس گیا ہے۔ زخمیوں میں 28 سالہ خاتون بھی شامل ہے، جبکہ الیکٹریشن مبین شدید متاثر ہوا جس کا جسم چالیس فیصد تک جھلسنے کی تصدیق ہوئی ہے۔ دیگر افراد کو زیادہ تر دھویں کے باعث سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
لاہور: بیدیاں روڈ پر مکان میں آتشزدگی، خاتون اور بچوں سمیت پانچ افراد جھلس گئے
ترجمان ریسکیو کے مطابق ہوٹل سے ایک لاش بھی نکالی گئی ہے، جس کی شناخت ہو چکی ہے۔ جاں بحق شخص ہوٹل کی لانڈری میں کام کرتا تھا اور حادثے کے وقت بیسمنٹ میں موجود تھا۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب سانحہ گل پلازہ کے حوالے سے سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں غفلت اور لاپرواہی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں جبکہ آتشزدگی کے اس افسوسناک واقعے نے شہری علاقوں میں عمارتوں کے حفاظتی انتظامات پر ایک بار پھر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
