غزہ امن بورڈ میں شمولیت فلسطینیوں پر مظالم رکوانے کی کوشش ہے، احسن اقبال

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال نے غزہ امن بورڈ میں پاکستان کی شمولیت کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد فلسطینی عوام پر جاری اسرائیلی مظالم کو رکوانا اور عالمی سطح پر ان کے حق میں مؤثر آواز بلند کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر حکومت کے کردار کو منفی انداز میں پیش کرنا حقائق کے منافی ہے۔

latest urdu news

وفاقی وزیر نے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) ملکی سلامتی اور قومی مفادات کے معاملے پر کسی سے درس لینے کی محتاج نہیں۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ہمیں کوئی بزدلی یا غفلت کا طعنہ نہ دے، کیونکہ پاکستان ہمیشہ مظلوم قوموں کے حق میں واضح اور اصولی مؤقف اختیار کرتا آیا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ غزہ امن بورڈ میں شمولیت ایک سوچا سمجھا اور ذمہ دارانہ فیصلہ ہے، جس کا مقصد سفارتی اور سیاسی ذرائع کے ذریعے فلسطینی عوام پر جاری ظلم و جبر کو رکوانے کی کوشش کرنا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان عالمی فورمز پر امن، انصاف اور انسانی حقوق کے اصولوں کے تحت اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر پاکستان اس امن بورڈ کا حصہ نہ بنتا تو یہی اپوزیشن یہ اعتراض کرتی کہ پاکستان عالمی سطح پر تنہا ہو گیا ہے۔ اب جب پاکستان کو ایک اہم عالمی فورم پر کردار ملا ہے تو اس پر تنقید کے بجائے خوش ہونا چاہیے اور اسے ایک مثبت پیش رفت سمجھنا چاہیے۔

ٹرمپ نے کینیڈا کو غزہ ‘بورڈ آف پیس’ میں شمولیت کی دعوت واپس لے لی

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی ہمیشہ اصولوں پر مبنی رہی ہے اور فلسطین کا مسئلہ پاکستان کے دل کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ بین الاقوامی برادری کو متحرک کیا جائے تاکہ غزہ میں جاری انسانی بحران کا خاتمہ ہو اور فلسطینی عوام کو انصاف مل سکے۔

احسن اقبال نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر سطح پر فلسطینیوں کے حقِ خود ارادیت اور ان کی آزادی کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا، اور کسی بھی ایسے فورم کا حصہ بننے سے گریز نہیں کرے گا جہاں مظلوموں کے حق میں مؤثر آواز اٹھانے کا موقع میسر ہو۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter