کم عمری کی شادی سے متعلق قانون غیر اسلامی ہے: مولانا فضل الرحمان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 18 سال سے کم عمر نوجوانوں کی شادی سے متعلق قانون سازی کو غیر اسلامی قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مخالفت کا اعلان کیا ہے۔

latest urdu news

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس قانون کو تسلیم نہیں کرتے اور اس کے خلاف اپنا احتجاج ایوان میں ریکارڈ کرا رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے خطاب کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے کہا کہ انہیں محسوس ہو رہا ہے کہ اسپیکر دباؤ میں ہیں، جس پر اسپیکر نے جواب دیا کہ یہ ایسی کرسی ہے جس سے نہ حکومت خوش ہوتی ہے اور نہ ہی اپوزیشن۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگر اس نوعیت کی قانون سازی کرنی تھی تو بہتر ہوتا کہ اسے اسلامی نظریاتی کونسل کو بھیجا جاتا تاکہ اس پر دینی اور آئینی پہلوؤں سے غور کیا جا سکتا۔

انہوں نے واضح انداز میں کہا کہ وہ 18 سال سے کم عمر نوجوانوں کی شادی سے متعلق بنائے گئے قانون کو غیر اسلامی سمجھتے ہیں اور اس کی کھل کر مخالفت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس قانون کے خلاف احتجاج کرتے رہیں گے اور ایسے قوانین کو ملک میں نافذ نہیں ہونے دیں گے۔ مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ یہ عارضی اور وقتی سیاست ہے جو ملک اور معاشرے کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگی۔

پاکستان آکر شادی کرنے والی سربجیت کور کو ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ

غزہ سے متعلق امور پر بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے غزہ امن بورڈ پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امن بورڈ کے نکات میں تبدیلیاں کی گئیں تو اس فورم میں شرکت کی کیا ضرورت تھی۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام عائد کیا کہ وہ اسرائیل کی جارحیت کو تقویت دے رہے ہیں اور حماس کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق امریکا ماضی میں افغانستان، عراق اور لیبیا میں تباہی کا سبب بن چکا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے خبردار کیا کہ اسرائیل کے عزائم واضح ہیں اور اگر اس نے ایران پر حملہ کیا تو اس کے بعد خطے کی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاسپورٹ پر اسرائیل جانے پر پابندی ایک اصولی مؤقف ہے، اور امن کی خواہش کے ساتھ ساتھ اصولوں کی پاسداری بھی ضروری ہے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر مولانا فضل الرحمان نے ملک کی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں معاشی ترقی ہو رہی ہے لیکن پاکستان مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اہم قومی فیصلوں میں پارلیمنٹ اور کابینہ کو اعتماد میں نہیں لیا جا رہا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter