کراچی میں سڑکوں کی بحالی اور دیگر انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 21.53 ارب روپے کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد شہری آمد و رفت کو بہتر بنانا اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
یہ منظوری ایک اعلیٰ سطح اجلاس کے بعد دی گئی، جس کی صدارت وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ اور محکمہ بلدیات و کے ایم سی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس میں کہا کہ کراچی کی سڑکوں کی بحالی سے نہ صرف شہری آمد و رفت میں بہتری آئے گی بلکہ شہر کی معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سہولت اور شہری تحفظ سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اجلاس میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے وزیراعلیٰ کو شہر کی 409 خستہ حال سڑکوں کی مرمت کی تفصیل سے بریفنگ دی۔ ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق 24 ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کے لیے بھی مالی امداد کی منظوری دی گئی ہے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا ریسکیو اپڈیٹ، فائر سیفٹی کی اہمیت پر زور
صوبائی وزیر بلدیات نے بتایا کہ کراچی کے 7 اضلاع میں 400 سڑکوں پر پیچ ورک کیا جائے گا جبکہ 9 سڑکوں کی مکمل تعمیر نو کی جائے گی۔ سڑکوں، سیوریج اور واٹر سپلائی کے منصوبوں پر مجموعی لاگت تقریباً 12.57 ارب روپے آئے گی۔
مزید برآں، وزیراعلیٰ سندھ نے 26 بڑی سڑکوں کی بحالی کے لیے کے ایم سی کو ہدایات جاری کیں اور سڑکوں، نالوں اور اسٹریٹ لائٹس کے لیے 8.53 ارب روپے کے اضافی منصوبوں کی بھی منظوری دی۔ انہوں نے تمام منصوبوں پر شفاف، معیاری اور بروقت کام مکمل کرنے اور محکمہ خزانہ کو فنڈز فوری طور پر جاری کرنے کی ہدایت بھی کی۔
یہ اقدام کراچی کے شہریوں کے لیے سہولت اور معیار زندگی میں بہتری کے لیے اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
