لالہ موسیٰ ٹی ایچ کیو ہسپتال میں خصوصی معاون وزیراعلیٰ  کا تفصیلی دورہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے خصوصی معاون شعیب مرزا نے ٹی ایچ کیو ہسپتال لالہ موسیٰ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، انتظامی امور اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین قریشی، اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عطاء المنعم بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، جنہوں نے ہسپتال کی مجموعی صورتحال پر خصوصی معاون کو تفصیلی بریفنگ دی۔

latest urdu news

دورے کے دوران شعیب مرزا نے ایمرجنسی وارڈ، گائنی وارڈ اور نئے قائم کیے گئے ایمرجنسی بلاک کا معائنہ کیا۔ انتظامیہ نے انہیں بتایا کہ مریضوں کی فوری اور بہتر دیکھ بھال کے لیے 10 بستروں پر مشتمل نیا ایمرجنسی بلاک فعال کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہسپتال کی مجموعی استعداد بڑھانے کے لیے بستروں کی تعداد 50 سے بڑھا کر 60 کی جا رہی ہے تاکہ بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

ضلع گجرات میں کیش لیس نظام کے فروغ کیلئے ڈیجیٹل آن بورڈنگ ڈرائیو کا آغاز

خصوصی معاون وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ ہسپتال میں بعض شعبوں میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی کمی درپیش ہے۔ اس پر شعیب مرزا نے فوری طور پر نئی آسامیوں کے قیام کے لیے سمری (SNE) محکمہ خزانہ کو بھجوانے کی ہدایت کی تاکہ افرادی قوت کی کمی کو جلد از جلد پورا کیا جا سکے اور مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

دورے کے دوران شعیب مرزا نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور ہسپتال میں دی جانے والی طبی خدمات، ادویات کی دستیابی اور عملے کے رویے سے متعلق سوالات کیے۔ مریضوں اور تیمارداروں نے مجموعی طور پر ہسپتال کی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا اور انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔

خصوصی معاون وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے صحت کے شعبے کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دیہی اور تحصیل سطح کے ہسپتالوں کو مضبوط بنانا حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے، تاکہ عوام کو بڑے شہروں کا رخ کیے بغیر اپنے علاقوں میں ہی معیاری علاج میسر آ سکے۔

شعیب مرزا نے مزید کہا کہ صحت کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، جدید سہولیات کی فراہمی اور افرادی قوت میں اضافہ ایسے اقدامات ہیں جنہیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے، تاکہ عوام کو ایک مؤثر اور قابلِ اعتماد صحت کا نظام فراہم کیا جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter