جہلم کے ضلع کونسل ہال میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زیر اہتمام "ڈیجیٹل پیمنٹس” کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں سٹیٹ بینک کے اعلیٰ افسران، بینک منیجرز، مالیاتی اداروں کے ذمہ داران، میڈیا نمائندگان اور پریس کلب کے ارکان نے شرکت کی۔ سیمینار میں مقررین نے ڈیجیٹل پیمنٹس کے جدید نظام اور اس کے فوائد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
مقررین نے بتایا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے چند سیکنڈز میں مالی ٹرانزیکشنز اور یوٹیلیٹی بلز کی معلومات فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف عوام کو سہولت فراہم کرنا بلکہ کرنسی مافیا کی روک تھام کے ذریعے مالی نظام کو شفاف اور محفوظ بنانا بھی ہے۔
جہلم میں تعلیمی ادارے کھلتے ہی گرین الیکٹرک بس کی ٹائمنگ طلبہ کے لیے مسئلہ بن گئی
سیمینار میں شرکاء کو بتایا گیا کہ ڈیجیٹل پیمنٹس کے ذریعے بینک صارفین اپنے کاروبار کو مزید تیز اور مؤثر انداز میں ترقی دے سکتے ہیں اور بینکنگ کے شعبے میں اعتماد اور شفافیت قائم کی جا سکتی ہے۔ مقررین نے زور دیا کہ عوام کو جدید مالیاتی نظام سے آگاہ کرنا مالی اداروں اور سٹیٹ بینک کے ذمہ داران کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
اس موقع پر یہ بات بھی اجاگر کی گئی کہ ڈیجیٹل نظام کے فروغ سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ نقدی کے استعمال کو کم کر کے مالی لین دین میں شفافیت اور حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ عوام میں ڈیجیٹل پیمنٹس کے فوائد کے بارے میں شعور اجاگر کریں گے اور بینکنگ کے شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
