سڈنی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کا بگ بیش لیگ (BBL) میں سفر اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ سڈنی سکسرز نے اعلان کیا ہے کہ بابر اعظم بقیہ میچز کے لیے دستیاب نہیں رہیں گے کیونکہ انہیں فوری طور پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کیمپ کے لیے واپس بلایا گیا ہے۔
سڈنی سکسرز نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ بابر اعظم کو اگلی قومی ٹیم اسائنمنٹس کے لیے طلب کیا گیا ہے، اس لیے وہ بی بی ایل کے بقیہ فائنل سیریز کے میچز کھیلنے سے قاصر ہیں۔ ٹیم نے اپنے ٹوئٹ میں بابر اعظم کی بی بی ایل میں خدمات پر شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ وہ ٹیم کے لیے ان کے تعاون اور کھیل کو سراہتی ہے۔
بابر اعظم نے بھی اپنے ویڈیو پیغام میں بی بی ایل میں اپنے تجربے اور سڈنی سکسرز کے ساتھ وقت گزارنے کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے کہا، "میں سڈنی سکسرز کے کوچز اور ساتھی کھلاڑیوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہاں میرا تجربہ بہت خوشگوار رہا اور میں نے ہر لمحے کا لطف اٹھایا۔ بدقسمتی سے مجھے ٹیم چھوڑنا پڑ رہا ہے لیکن قومی ٹیم کے لیے جانا میرے لیے فخر کی بات ہے۔”
واضح رہے کہ سڈنی سکسرز کا آخری چیلنجر فائنل میچ ہوبارٹ ہیوریکینز کے خلاف شیڈول ہے۔ بابر اعظم کی غیر موجودگی میں ٹیم کو فائنل میں نئے حکمت عملی کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔ کرکٹ شائقین کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ سکسرز کس طرح اپنی فائنل سیریز میں بابر اعظم کی غیر موجودگی کا سامنا کریں گے۔
بگ بیش لیگ: بابر اعظم کی شاندار ففٹی، سڈنی سکسرز نے میلبرن رینی گیڈز کو 6 وکٹ سے ہرادیا
بی بی ایل میں بابر اعظم کے شامل ہونے سے ٹیم کو اہم سپورٹ حاصل ہوئی تھی، اور ان کے جارحانہ کھیل نے سڈنی سکسرز کو کئی میچز میں فتح دلوائی۔ بابر اعظم کے بی بی ایل چھوڑنے کے اعلان کے بعد، شائقین نے سوشل میڈیا پر ان کے کھیل کی تعریف کرتے ہوئے انہیں قومی ٹیم کی خدمت کے لیے کامیابی کی نیک خواہشات بھی بھیجیں۔
