بھارت کے بنگلورو ائیرپورٹ پر ایک کورین خاتون کے ساتھ مبینہ جنسی ہراسانی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق خاتون نے ائیرپورٹ پر موجود ایک مرد عملے کے رکن کے غیر اخلاقی رویے کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاتون پیر، 19 جنوری کو کوریا جانے والی اپنی پرواز میں سوار ہونے کے لیے ائیرپورٹ پر موجود تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ امیگریشن کے عمل کے بعد جب وہ ٹرمینل کی طرف جارہی تھیں تو ائیرپورٹ کے ایک مرد عملے کے رکن محمد عفان نے ان کے قریب آ کر ٹکٹ دکھانے کو کہا۔
خاتون نے اپنی شکایت میں بتایا کہ ان کے چیک ان شدہ سامان میں کوئی مسئلہ نہیں تھا، تاہم مشین سے ایک مخصوص آواز آئی جس پر عفان نے دعویٰ کیا کہ دوبارہ چیکنگ کا عمل طویل ہوسکتا ہے اور اس دوران ان کی فلائٹ چھوٹ سکتی ہے۔ اس نے خاتون کو بتایا کہ وہ الگ سے چیکنگ کے لیے لے جایا جا سکتا ہے تاکہ ان کی پرواز متاثر نہ ہو۔
متاثرہ خاتون کے مطابق عفان انہیں مردوں کے واش روم کے قریب لے گیا، جہاں اس نے ان کے اعتراضات کے باوجود انہیں غیر مناسب انداز میں چھوا اور مزاحمت کرنے پر ان کے گلے لگانے کا بہانہ بنایا۔ خاتون نے فوری طور پر ائیرپورٹ سکیورٹی اہلکاروں کو صورتحال سے آگاہ کیا، جس کے بعد ملزم کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
پولیس نے ائیرپورٹ کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا تو اس میں عفان کے غیر اخلاقی رویے کی تصدیق ہوئی۔ پولیس نے کہا کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور متاثرہ خاتون کے بیان کی بنیاد پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ائیرپورٹ حکام نے بھی واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسافروں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور ایسے کسی بھی واقعے کو سختی سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
