پنجاب میں پاکستان کا پہلا گرین پولیسنگ یونٹ قائم، الیکٹرک پٹرولنگ کا آغاز

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور: پنجاب نے ماحول دوست پولیسنگ کے میدان میں ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ملک کے پہلے گرین پولیسنگ یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس منفرد منصوبے کا افتتاح کیا، جس کے تحت پہلی مرتبہ الیکٹرک گاڑیوں کے ذریعے پولیس پٹرولنگ کا آغاز کیا گیا ہے۔

latest urdu news

افتتاحی تقریب کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گرین پولیسنگ یونٹ کی الیکٹرک پٹرولنگ گاڑی کا تفصیلی معائنہ کیا اور خود الیکٹرک وہیکل چلا کر اس منصوبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ بتایا گیا کہ ابتدائی مرحلے میں لاہور میں جدید بی وائی ڈی الیکٹرک گاڑیوں کے ذریعے ٹریفک اور پٹرولنگ کے فرائض انجام دیے جائیں گے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کو گرین پولیسنگ یونٹ کے قیام اور الیکٹرک گاڑیوں کی تکنیکی خصوصیات پر جامع بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ ماحول دوست الیکٹرک گاڑیاں ایک بار مکمل چارج ہونے پر تقریباً 410 کلومیٹر تک سفر کی صلاحیت رکھتی ہیں، جبکہ انہیں 30 سے 80 فیصد تک صرف 30 منٹ میں فاسٹ چارج کیا جا سکتا ہے۔

حکام کے مطابق ان الیکٹرک گاڑیوں میں جدید سرویلنس پی اے سسٹم، پولیس ایمرجنسی لائٹس، 360 ڈگری کیمرے اور رفتار ناپنے کے جدید آلات نصب کیے گئے ہیں، جو پولیسنگ کے معیار کو مزید مؤثر بنائیں گے۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ روایتی پٹرولنگ پر مامور 103 گاڑیاں ماہانہ تقریباً 28 ہزار لیٹر ایندھن استعمال کرتی ہیں، جس پر 7.42 ملین روپے کے اخراجات آتے ہیں۔ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے فی گاڑی سالانہ تقریباً 4,500 لیٹر ایندھن کی بچت ممکن ہوگی، جس کے ساتھ ساتھ آپریشنل لاگت میں نمایاں کمی اور زیرو کاربن اخراج کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گرین پولیسنگ یونٹ کے دائرہ کار کو وسعت دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کی تعداد مرحلہ وار بڑھائی جائے اور اس منصوبے کو دیگر اضلاع تک بھی پھیلایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرک وہیکل کا استعمال نہ صرف ایندھن کے اخراجات کم کرے گا بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی کا بھی باعث بنے گا۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ گرین پولیسنگ کا تصور صاف ستھری فضا، جدید پولیسنگ اور گڈ گورننس کے وژن کی عملی عکاسی ہے، جو پنجاب کو ایک ترقی یافتہ اور ماحول دوست صوبہ بنانے کی جانب اہم قدم ثابت ہوگا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter