بھلوال کے نواحی علاقے میلووال کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ آٹھ دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب چارہ سے بھرا ہوا ایک ٹرک تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر الٹ گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں اور زخمی افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے ٹرک پر چارہ لدا ہوا تھا اور اس پر مجموعی طور پر 12 مزدور سوار تھے جو کام کے سلسلے میں سفر کر رہے تھے۔ ٹرک کے الٹنے کے باعث مزدور اس کے نیچے دب گئے، جس کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ تیز رفتاری سامنے آئی ہے، تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ پولیس نے ٹرک ڈرائیور سے متعلق معلومات اکٹھی کرنا بھی شروع کر دی ہیں تاکہ ذمہ داری کا تعین کیا جا سکے۔
سوات ایکسپریس وے پر المناک حادثہ: ٹرک الٹنے سے 15 افراد جاں بحق، 8 شدید زخمی
علاقے میں حادثے کے بعد سوگ کی فضا قائم ہے، جبکہ جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے اہل خانہ میں غم و غصے کی کیفیت پائی جاتی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اوورلوڈنگ اور تیز رفتار گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے دلخراش واقعات سے بچا جا سکے۔
