اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گل پلازہ کی صرف ایک منزل کی منظوری دی گئی تھی، تاہم اسے بانی متحدہ قومی موومنٹ کے گارڈ نے زبردستی کئی منزلہ عمارت میں تبدیل کر دیا۔
ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ایم کیو ایم ہمیشہ پیپلز پارٹی کے ساتھ حکومت کا حصہ رہی ہے، اس لیے اگر کسی معاملے پر پیپلز پارٹی کو ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے تو ایم کیو ایم بھی اسی ذمہ داری سے بری نہیں ہو سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت میں شمولیت کا مطلب اجتماعی جوابدہی ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک دن ایم کیو ایم کے رہنما ارشد وہرہ فائر بریگیڈ کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہیں جبکہ اگلے ہی دن امین الحق اسی ادارے پر تنقید کرتے ہیں، جس سے تضاد پیدا ہوتا ہے۔ عبدالقادر پٹیل نے سوال اٹھایا کہ عوام یہ فیصلہ کیسے کریں کہ کس مؤقف کو درست مانا جائے۔
گل پلازہ سانحہ: دو منزلیں کلیئر، ہلاکتوں کی تعداد ، 83 افراد تاحال لاپتا
پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم نے گزشتہ 35 برسوں میں کراچی کے حالات کو اس نہج تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ گل پلازہ کا ذکر ہو اور بلدیہ ٹاؤن کے واقعات کو نظرانداز کر دیا جائے، یہ ممکن نہیں۔ ان کے مطابق ایم کیو ایم آج بھی اپنے بانی کے نظریات پر عمل کر رہی ہے اور نفرت کی سیاست سے تاحال لاتعلقی اختیار نہیں کی گئی۔
عبدالقادر پٹیل نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت پر تنقید کرنے والے پہلی مرتبہ اقتدار میں شامل نہیں ہوئے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بانی ایم کیو ایم کے گن مین گوگا نے گل پلازہ کو ایک منزل سے بڑھا کر پانچ منزلہ عمارت بنا دیا۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ کراچی کے معاملات پر بات کرنے سے قبل اس شہر کی تاریخ کا مطالعہ ضرور کرنا چاہیے۔
