سرکاری امور میں مداخلت پر جہلم کے پراپرٹی ڈیلر کے خلاف مقدمہ درج

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

جہلم میں سرکاری امور میں مداخلت کرنے پر تحصیلدار نے پراپرٹی ڈیلر کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔

latest urdu news

تفصیلات کے مطابق تحصیلدار/ سب رجسٹرار جہلم چوہدری شہزاد احمد نگیال کی مدعیت میں سرکاری امور میں مداخلت، بدتمیزی اور کارِ سرکار میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں پراپرٹی ڈیلر کے خلاف تھانہ سٹی جہلم میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

تحصیلدار چوہدری شہزاد احمد نگیال نے تھانہ سٹی میں دائر کیے گئے استغاثہ میں موقف اختیار کیا کہ تحصیل دفتر جہلم میں پٹواریوں کی ایک میٹنگ پلس پروجیکٹ کے سلسلے میں جاری تھی۔ اسی دوران پراپرٹی ڈیلر حاجی جاوید افضل ولد محمد افضل سکنہ محمدی چوک جہلم بغیر اجازت کمرہ تحصیلدار میں داخل ہوا اور بدتمیزی شروع کر دی۔

تحصیلدار کے مطابق موقع پر موجود پٹواریوں چوہدری اظہر اقبال، واجد نسیم اور فردوس خان نے ملزم کو سمجھانے کی کوشش کی اور کہا کہ میٹنگ کے بعد اس کی بات سن لی جائے گی، تاہم مذکورہ پراپرٹی ڈیلر نے کسی کی نہ سنی اور گالم گلوچ شروع کر دی۔ اس دوران شور شرابہ کر کے سرکاری دفتر کا تقدس پامال کیا گیا اور سرکاری امور میں دانستہ رکاوٹ ڈالی گئی۔

واقعے پر کارروائی کرتے ہوئے تھانہ سٹی جہلم نے ملزم کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 186، 509 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے کی مکمل تفتیش جاری ہے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter