گرین لینڈ: امریکی جنگی طیارے گرین لینڈ میں قائم امریکی فوجی اڈے پر پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، جہاں یہ نئی کھیپ کی صورت میں موجود ہوں گے۔ اس سلسلے میں امریکی اور کینیڈین دفاعی ادارے نوراڈ نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا ہے۔
نوراڈ کے بیان کے مطابق گرین لینڈ کی حکومت کو منصوبہ بندی سے پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ امریکی فورسز کو طیارے بھیجنے کے لیے ضروری سفارتی اجازت نامے حاصل ہیں اور ڈنمارک حکومت کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے بعد یہ کارروائی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گرین لینڈ دراصل ڈنمارک کا ایک خود مختار علاقہ ہے اور 1951 میں امریکا اور ڈنمارک نے گرین لینڈ کے دفاع کے لیے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ اس معاہدے کے تحت امریکا نے گرین لینڈ کو کسی بھی ممکنہ جارحیت سے محفوظ رکھنے کا عزم کیا تھا۔
نوراڈ نے مزید کہا کہ امریکی اور کینیڈین فوجی اس منصوبے کے تحت بیلسٹک میزائلوں کی لانچنگ کی بروقت اطلاع دینے کے لیے تیار ہیں۔ نوراڈ کی بنیاد 1958 میں سرد جنگ کے آغاز پر رکھی گئی تھی تاکہ شمالی امریکہ کی فضائی سکیورٹی کو مضبوط بنایا جا سکے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے فوری نمٹا جا سکے۔
امریکا کے ساتھ مذاکرات ناکام، ڈنمارک نیٹو اتحادیوں کے ساتھ گرین لینڈ میں فوجی تعیناتی شروع کر دیا
دفاعی ماہرین کے مطابق یہ اقدام شمالی امریکہ میں سکیورٹی اور دفاعی تیاریوں کو مزید مستحکم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ امریکی اور کینیڈین فورسز کی یہ کارروائی گرین لینڈ میں قائم فوجی اڈے کی اہمیت کو دوبارہ اجاگر کرتی ہے اور شمالی امریکہ کے دفاعی نظام میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
