ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (ڈی سی سی) کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع میں امن و امان، تجاوزات، ٹریفک مینجمنٹ اور مختلف انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر کے علاوہ پولیس، ٹریفک پولیس، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے)، کسٹمز، ایکسائز، ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران انسانی سمگلنگ کی روک تھام کو ایک اہم ایجنڈا قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف مؤثر آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسانی سمگلنگ جیسے سنگین جرم کے تدارک کے لیے آگاہی واکس، سیمینارز اور تعلیمی اداروں میں شعور بیدار کرنے کی سرگرمیوں کو مزید فعال بنایا جائے۔ اس ضمن میں اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر، ڈی پی او آفس، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور ایف آئی اے کو باہمی اشتراک سے مربوط حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں مختلف محکموں نے یکم اکتوبر 2025 سے 15 جنوری 2026 تک کی اپنی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ اس عرصے کے دوران انسانی سمگلنگ کے 179 کیسز پر کارروائی کی گئی۔ محکمہ کسٹمز کی جانب سے 17 کیسز میں قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف اقدامات جاری رکھے گئے۔
ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 116 گیس سلنڈر ضبط کیے گئے، 104 غیر قانونی پیٹرول پمپس سیل کیے گئے اور 3 لاکھ 65 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے 63 ہزار 731 خلاف ورزیوں پر کارروائی کی گئی اور 333 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔
ضلع بھر میں پٹرول پمپوں پر ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کو یقینی بنایا جائے: ڈپٹی کمشنر گجرات
اجلاس میں بھیک مانگنے کے خلاف کریک ڈاؤن اور انسداد تجاوزات آپریشن کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔ حکام کے مطابق بھیکاریوں کے خلاف کارروائی کے دوران 230 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ انسداد تجاوزات مہم کے تحت 754 تجاوزات ہٹائی گئیں اور 58 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔
ریہڑی بازار اور شہر کے دیگر مرکزی علاقوں میں صفائی، نظم و ضبط اور شہری سہولیات کو بہتر بنانے کے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ ڈپٹی کمشنر نورالعین نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں اور جاری اقدامات کو مؤثر انداز میں جاری رکھیں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
آخر میں ڈی ایس پیز نے امن و امان اور ٹریفک کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور اسسٹنٹ کمشنرز نے انتظامی امور اور درپیش چیلنجز سے اجلاس کو آگاہ کیا۔
