چند روز قبل گجرات کے علاقے ڈھکی میں تہرے قتل کی لرزہ خیز واردات سامنے آئی جس میں ملزم جمیل نے اپنی بہوؤں آنسہ اور عائشہ کے ساتھ جنسی زیادتی اور بعد ازاں تشدد کرکے قتل کرنے کا انکشاف ہوا۔
مقتولہ خواتین کی بہن کے مطابق، جمیل نے اپنی بہو آنسہ کو زبردستی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور اعتراض کرنے پر اسے تشدد کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واقعے کے دوران آنسہ، عائشہ اور ان کے سات سالہ پوتے رضوان کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔
مقتولہ خواتین کی بڑی بہن نے ویڈیو بیان میں دل دہلا دینے والے انکشافات کیے، جس کے مطابق آنسہ نے اپنے شوہر فرقان کو جنسی زیادتی کی شکایت کی، جس پر فرقان نے وعدہ کیا کہ وہ اپنے والد سے بات کرے گا اور آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔
تاہم، فرقان کے وعدے کے برخلاف ملزم جمیل نے آنسہ کو دوبارہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ احتجاج کرنے پر جب آنسہ کی بہن ان سے بات کرنے ان کے گھر پہنچی، تو ملزم نے دونوں بہنوں کو تشدد کرکے بے دردی سے قتل کر دیا۔
ویڈیو بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ آنسہ تین ماہ کی حاملہ تھی۔
مقتولہ آنسہ کی بڑی بہن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، آئی جی پنجاب، اور ڈی پی او گجرات مستنصر عطا باجوہ سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پولیس قانون کے تقاضے پورے کرے اور ہمیں انصاف فراہم کرے۔