مراکشی نژاد بالی ووڈ ڈانسر اور اداکارہ نورا فتحی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہیں، تاہم اس بار وجہ ان کا کوئی نیا پراجیکٹ نہیں بلکہ عالمی شہرت یافتہ مراکشی فٹبالر اشرف حکیمی کے ساتھ منسوب کی جانے والی قربت کی افواہیں ہیں۔ نورا فتحی ان دنوں اپنی بین الاقوامی مصروفیات اور مختلف ممالک کے دوروں کے باعث سوشل میڈیا پر خاصی متحرک دکھائی دے رہی ہیں۔
حال ہی میں نورا فتحی نے سوشل میڈیا پر ایک فٹبال میچ سے چند تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئیں۔ یہ تصاویر گزشتہ ویک اینڈ پر ہونے والے افریقہ کپ آف نیشنز (AFCON) کے ایک میچ کے دوران کی بتائی جا رہی ہیں، جہاں نورا فتحی مراکش کی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے موجود تھیں۔ ان کی موجودگی اور انداز نے مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی۔
جہاں ایک جانب مداحوں نے نورا فتحی کے اسٹائل اور اعتماد کی تعریف کی، وہیں دوسری جانب کئی سوشل میڈیا صارفین نے ان پوسٹس کو محض کھیل سے دلچسپی تک محدود نہ رکھا۔ بعض صارفین نے قیاس آرائیاں شروع کر دیں کہ نورا فتحی ممکنہ طور پر کسی خاص کھلاڑی کی حمایت کے لیے مراکش پہنچی ہیں، جس کے بعد رومانوی چہ مگوئیاں زور پکڑ گئیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کے مطابق جس ’خاص کھلاڑی‘ کا ذکر کیا جا رہا ہے وہ مراکشی فٹبال ٹیم کے کپتان اشرف حکیمی ہیں۔ اشرف حکیمی 27 سالہ عالمی شہرت یافتہ فٹبالر ہیں اور اس وقت فرانس کے معروف کلب پیرس سینٹ جرمین (PSG) کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ان کی کارکردگی اور شخصیت انہیں دنیا کے مقبول فٹبالرز میں شامل کرتی ہے۔
ان افواہوں کو مزید تقویت اس وقت ملی جب ایک سابقہ انٹرویو میں نورا فتحی سے مراکش کے پسندیدہ فٹبالر کے بارے میں سوال کیا گیا، جس کے جواب میں انہوں نے اشرف حکیمی کا نام لیا تھا۔ اس بیان کو بھی مداحوں نے حالیہ سرگرمیوں کے ساتھ جوڑنا شروع کر دیا۔
تاحال نہ نورا فتحی اور نہ ہی اشرف حکیمی کی جانب سے ان افواہوں پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے آیا ہے۔ تاہم سوشل میڈیا پر مداحوں کا تجسس بدستور برقرار ہے اور دونوں شخصیات کی ہر نئی سرگرمی کو گہری نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔
