ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پٹرول پمپ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پٹرول پمپوں سے متعلق مختلف امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صباء سحر، ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس عاصم وہلہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران دو کیسز زیر غور آئے، جن میں سے ایک کیس کی منظوری دی گئی جبکہ ایک کیس مزید کارروائی کے لیے مؤخر کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نورالعین نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر کے تمام پٹرول پمپوں پر ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام لازمی بنایا جائے، جس میں کیو آر کوڈ اور کارڈ پیمنٹ کی سہولت شامل ہو تاکہ عوام کو جدید اور آسان مالی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ منظور ہونے والے تمام نئے پٹرول پمپوں پر الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن لازمی ہوگا۔ علاوہ ازیں، چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام پٹرول پمپوں پر اعلیٰ معیار کے واش رومز اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ پٹرول پمپوں پر قوانین اور حفاظتی ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور عوامی سہولت کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔
