ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) گجرات رانا عمر فاروق نے یونیورسٹی آف گجرات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحق سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران یونیورسٹی میں پولیس خدمت مرکز کے قیام سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اس مجوزہ پولیس خدمت مرکز کا بنیادی مقصد یونیورسٹی کے طلباء، اساتذہ اور انتظامی عملے کو پولیس سے متعلق سہولیات ان کیمپس میں ہی فراہم کرنا ہے۔ اس مرکز کے قیام سے طلباء اور عملہ پولیس کلیئرنس، کردار سرٹیفکیٹ، شکایات کے اندراج اور دیگر قانونی و حفاظتی امور سے متعلق خدمات باآسانی حاصل کر سکیں گے، جس سے انہیں تھانوں کے غیر ضروری چکروں سے نجات ملے گی۔
ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں پولیس خدمت مراکز کے قیام کا مقصد نوجوانوں اور پولیس کے درمیان فاصلے کم کرنا اور اعتماد کی فضا قائم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس عوامی خدمت کے تصور پر یقین رکھتی ہے اور یونیورسٹی جیسے بڑے تعلیمی ادارے میں اس مرکز کا قیام ایک مثبت اور مؤثر اقدام ثابت ہوگا۔
ڈی پی او گجرات کی عوامی کچہری، شہریوں کے مسائل پر فوری کارروائی کا اعلان
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحق نے پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ طلباء اور عملے کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پولیس خدمت مرکز کے قیام سے نہ صرف طلباء کو فوری سہولت میسر آئے گی بلکہ کیمپس میں مجموعی طور پر سکیورٹی اور نظم و ضبط بھی بہتر ہوگا۔
ملاقات کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحق کی جانب سے ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق کو یونیورسٹی کی طرف سے اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی، جس پر ڈی پی او نے یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
یونیورسٹی اور پولیس حکام کے مطابق آئندہ دنوں میں پولیس خدمت مرکز کے قیام سے متعلق عملی اقدامات مکمل کر لیے جائیں گے، جس کے بعد یہ مرکز باقاعدہ طور پر اپنی خدمات کا آغاز کرے گا۔
