چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے خلاف جھوٹا بیانیہ بنایا جا رہا ہے کہ صوبائی حکومت نے کچھ نہیں کیا۔
بلاول نے اس موقع پر کہا کہ کچھ قوتیں سندھ کے وسائل پر ڈاکا ڈالنے اور 18 ویں ترمیم کے تحت دیے گئے صوبائی اختیارات واپس لینے کے لیے سازشیں کر رہی ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تھرپارکر میں پیپلز پارٹی کے کیے گئے کام ان سازشی قوتوں کو واضح جواب ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تھر کے عوام نے یہ ثابت کیا کہ سندھ کی ترقی کا راستہ صرف اسلام آباد سے نہیں گزرتا۔ بلاول نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے تھر کے عوام سے محبت کی ہے اور یہاں کے وسائل، جیسے کوئلہ، سندھ کے عوام کے لیے محفوظ رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھر میں موجود کوئلہ سعودی عرب کے تیل کے ذخائر کے برابر اہمیت رکھتا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے بتایا کہ محترمہ بےنظیر بھٹو نے تھر میں منصوبے شروع کیے مگر سازش کے تحت انہیں روکا گیا۔ تاہم ان منصوبوں کے نتیجے میں نہ صرف تھر میں معاشی انقلاب آیا بلکہ اسلام آباد کو بھی بجلی فراہم ہوئی۔ بلاول نے کہا کہ حکومت کی سرمایہ کاری سے پورے تھر میں صحت کے اداروں کا جال بچھایا گیا اور کوئلے کے منافع کا ایک حصہ تھر فاؤنڈیشن کو دیا جاتا ہے تاکہ مقامی ترقی ممکن ہو سکے۔
حافظ نعیم الرحمان: بلاول کا وژن کراچی کو موئن جو دڑو بنانے کا ہے
بلاول بھٹو نے سندھ کی تعلیمی ترقی پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ ان کی حکومت نے 2008 سے آج تک سندھ کی یونیورسٹیوں کی تعداد دگنی کر دی ہے، اور کوئی دوسرا صوبہ سندھ کے مقابلے میں یہ ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے زور دیا کہ سندھ کے عوام کی خوشحالی اور وسائل کا تحفظ پیپلز پارٹی کی اولین ترجیح ہے، اور جھوٹے بیانیوں اور سازشوں کے باوجود صوبے کی ترقی جاری رہے گی۔
بلاول کا کہنا تھا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ سندھ کی ترقی صرف وفاقی حکومت کی نیت پر منحصر ہے، تھر کے عوام نے اسے غلط ثابت کر دیا ہے، اور پیپلز پارٹی کی محبت اور محنت کا ثبوت پورے تھر میں نظر آتا ہے۔
