بلدیاتی انتخابات حیلے بہانوں سے ٹالے جا رہے ہیں:حافظ نعیم الرحمان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں بلدیاتی انتخابات پچھلے تین سے چار سال سے حیلے بہانوں اور تاخیری حربوں کے ذریعے ٹالے جا رہے ہیں۔

latest urdu news

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے حکومت اور بیوروکریسی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی امور میں شفافیت اور عوام کی نمائندگی کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے اسلام آباد میں درختوں کی کٹائی پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دعویٰ کرنا کہ 40 ہزار درخت لگا دیے گئے، عوام کو بے وقوف بنانے کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ درخت کاٹنے کے بعد صرف چھوٹی چھوٹی ٹہنیاں لگانا کسی بھی طور پر قابل قبول نہیں اور اس پر حکومت کو جواب دہ ہونا چاہیے۔

عوامی رائے کو نظر انداز کیا گیا توحکمران بھاگ نہیں پائیں گے: حافظ نعیم الرحمان

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی حکومت کے آرڈیننس کو منسوخ کیا جائے اور 15 فروری تک انتخابات کرائے جائیں تاکہ عوام کو حقیقی نمائندگی حاصل ہو۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کی حالیہ پالیسیاں اور بلدیاتی قوانین غیر آئینی اور غیر جمہوری ہیں، خاص طور پر پنجاب میں موجود بلدیاتی ایکٹ جس کے تحت یوسی چیئرمین بھی براہ راست عوام کے ووٹ سے منتخب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں غیر جماعتی انتخابات کے بعد سینیٹ کی طرح انتظامی منڈیاں لگائی جائیں گی تاکہ عوام کو کسی پارٹی میں شامل کیا جا سکے، اور اس کے ذریعے اجارہ داری قائم کی جا رہی ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے زور دیا کہ پنجاب کے بلدیاتی قوانین میں تبدیلی ضروری ہے اور انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہونے چاہئیں تاکہ سیاسی شفافیت اور عوامی نمائندگی کو یقینی بنایا جا سکے۔

امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ بلدیاتی انتخابات کے بغیر مقامی حکومتوں کی مضبوطی ممکن نہیں، اور یہ عمل جمہوریت کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور بیوروکریسی عوامی مفاد کے بجائے اپنی مرضی کے اقدامات انجام دے رہی ہے، جس کے نتیجے میں مقامی سطح پر عوامی مسائل حل نہیں ہو رہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے عوام اور سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ بلدیاتی انتخابات کے لیے آواز بلند کریں تاکہ ملک میں شفاف، جمہوری اور مؤثر مقامی حکومتیں قائم کی جا سکیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter