اہم سیاسی رہنماؤں کے ناموں پر نمبر پلیٹس کی نیلامی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

خیبرپختونخوا حکومت نے آمدن بڑھانے اور شہریوں کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک منفرد اور غیر معمولی اقدام کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت صدر مملکت آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم نواز شریف، بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سمیت دیگر اہم سیاسی اور قومی شخصیات کے ناموں پر مشتمل نمبر پلیٹس کی نیلامی کی جائے گی۔

latest urdu news

اس حوالے سے صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن فخر جہاں نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فینسی اور یونیک چوائس نمبر پلیٹس کی یہ نیلامی 27 جنوری کو نشتر ہال پشاور میں منعقد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس نیلامی میں گاڑی مالکان کو اپنی پسندیدہ سیاسی یا قومی شخصیت کے نام کی نمبر پلیٹ حاصل کرنے کا موقع دیا جائے گا، جو صوبے میں اپنی نوعیت کا ایک منفرد تجربہ ہوگا۔

عدالتی حکم عدولی پر ڈی جی ایکسائز سمیت 8 اہلکاروں کی تنخواہیں بند کرنے کا حکم

فخر جہاں کے مطابق نیلامی میں فینسی نمبر پلیٹس کی بولی کا آغاز 10 لاکھ روپے سے کیا جائے گا، جبکہ سب سے زیادہ بولی دینے والا شہری متعلقہ شخصیت کے نام کی نمبر پلیٹ حاصل کرنے کا اہل ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد نہ صرف عوام کو ایک نیا اور دلچسپ آپشن فراہم کرنا ہے بلکہ اس کے ذریعے صوبائی حکومت کے ریونیو میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں سیاسی اور قومی قیادت کے ناموں پر مشتمل نمبر پلیٹس نیلامی میں رکھی جا رہی ہیں، جبکہ آئندہ مرحلوں میں معروف شخصیات، مختلف علاقوں، اقوام اور دیگر نمایاں ناموں پر مشتمل نمبر پلیٹس بھی نیلامی کا حصہ بنائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں عوامی دلچسپی غیرمعمولی ہے اور بڑی تعداد میں گاڑی مالکان اس نیلامی میں حصہ لینے کے خواہاں ہیں۔

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خیبرپختونخوا کے مطابق فینسی نمبر پلیٹس کی نیلامی سے متعلق باقاعدہ اشتہار جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ حکام کا کہنا ہے کہ نیلامی میں شرکت کے خواہشمند شہریوں کے لیے دستک ایپ کے ذریعے درخواست جمع کرانے کا طریقہ کار متعارف کرایا گیا ہے، جس سے شفافیت اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

حکام کے مطابق شہریوں نے دستک ایپ کے ذریعے درخواستیں دینا شروع کر دی ہیں اور توقع ہے کہ نیلامی کے دن نشتر ہال میں بھرپور مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ صوبائی حکومت کا ماننا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف قومی خزانے کو فائدہ پہنچے گا بلکہ صوبے میں جدید اور تخلیقی ریونیو ماڈلز کو فروغ بھی ملے گا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter