قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی سے متعلق جاری سیاسی صورتحال میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اپوزیشن لیڈر کی تقرری کل تک عمل میں آ جائے گی۔ اس یقین دہانی کے بعد اپوزیشن کی صفوں میں پائے جانے والے ابہام میں کسی حد تک کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے لیے محمود خان اچکزئی کے مقابلے میں کسی اور نام پر غور نہیں کیا جا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی جانب سے واضح مؤقف ہے اور محمود خان اچکزئی ہی تحریک انصاف کے نامزد امیدوار ہیں۔ بیرسٹر گوہر نے یہ بھی واضح کیا کہ اسپیکر آفس میں ہونے والی ملاقات کے دوران کسی خفیہ یا غیر معمولی بات پر گفتگو نہیں ہوئی۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا معاملہ حل ہونے کے قریب
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر نے اسپیکر قومی اسمبلی کو باقاعدہ خط لکھ کر اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا نوٹیفکیشن فوری طور پر جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے خط میں عامر ڈوگر نے کہا کہ تحریک انصاف کے اندر کسی قسم کی گروپنگ موجود نہیں اور پارٹی متحد ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ محمود خان اچکزئی ہی متفقہ طور پر تحریک انصاف کے اپوزیشن لیڈر ہیں اور اس معاملے میں مزید تاخیر قابل قبول نہیں۔
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد قیصر نے بھی اس معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے بعد اپوزیشن لیڈر کا معاملہ حل ہو چکا ہے اور امید ہے کہ آج یا کل میں نوٹیفکیشن جاری ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب اس حوالے سے کوئی ابہام باقی نہیں رہنا چاہیے۔
سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ یہ غلط فہمی پیدا نہ کی جائے کہ 8 فروری تحریک انصاف کی حتمی کال ہے، بلکہ یہ جدوجہد کا آغاز ہے۔ ان کے مطابق پارٹی ایک طویل اور منظم سیاسی جدوجہد کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن اتحاد آئندہ دنوں میں کراچی کا دورہ بھی کرے گا اور عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کیا جائے گا۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف بامعنی مذاکرات کی حامی ہے، جن کا مقصد محض وقتی مفاہمت نہیں بلکہ ایک نئے میثاقِ جمہوریت کی تشکیل ہونا چاہیے، تاکہ ملک میں سیاسی استحکام، آئینی بالادستی اور جمہوری اقدار کو مضبوط بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن آئندہ دنوں میں اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کرے گی۔
