جہلم میں آئمہ مساجد میں پے آرڈرز کی تقسیم

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 حکومتِ پنجاب کی جانب سے مذہبی طبقات کی معاشی معاونت کے لیے شروع کیے گئے خصوصی پروگرام کے تحت ضلع کونسل ہال جہلم میں آئمہ مساجد میں پے آرڈرز تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔

latest urdu news

اس تقریب کا مقصد آئمہ کرام کی دینی و سماجی خدمات کو سراہنا اور انہیں معاشی سہارا فراہم کرنا تھا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبد السمیع شیخ نے شرکت کی، جبکہ تحصیل جہلم کے آئمہ کرام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے بتایا کہ ضلع جہلم میں مجموعی طور پر 1600 سے زائد آئمہ کرام کو حکومتِ پنجاب کے اس اعزازی پروگرام کے تحت مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل جہلم میں کل 565 آئمہ مساجد خدمات سرانجام دے رہے ہیں، جن میں سے پہلے مرحلے میں 85 آئمہ کرام کو فی کس 25 ہزار روپے کے پے آرڈرز فراہم کر دیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عمل مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا تاکہ تمام مستحق آئمہ کرام کو بروقت اعزازیہ مل سکے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، کیتھ لیب اور ایمرجنسی کا تفصیلی معائنہ
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ باقی ماندہ آئمہ کرام میں پے آرڈرز کی تقسیم انتہائی شفاف انداز میں جلد از جلد مکمل کی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس پورے عمل میں کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آئمہ کرام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبد السمیع شیخ نے تقریب کے انتظامات کا جائزہ لیا اور کہا کہ ضلع کونسل ہال میں اس تقریب کے انعقاد کا مقصد علمائے کرام کی خدمات کا اعتراف اور ان کے مسائل کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیٹا کی تصدیق اور ادائیگیوں کے عمل کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جا رہا ہے تاکہ شفافیت برقرار رہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ آئمہ کرام کے دیگر انتظامی اور سماجی مسائل کے حل کے لیے بھی ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔

تقریب کے اختتام پر پے آرڈرز وصول کرنے والے آئمہ کرام نے حکومتِ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مالی معاونت ان کے لیے ایک حوصلہ افزا قدم ہے، جو انہیں دینی خدمات مزید یکسوئی کے ساتھ انجام دینے میں مدد دے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter