جہلم: گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن، اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ کا بازاروں کا تفصیلی دورہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے شہر کے مختلف بازاروں اور مارکیٹوں کا اچانک دورہ کیا۔ اس دورے کا بنیادی مقصد اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنا اور گراں فروشی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنانا تھا تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

latest urdu news

دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے کریانہ اسٹورز، سبزی و پھل فروشوں، گوشت کی دکانوں اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیا فروخت کرنے والے مراکز پر قیمتوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے دکانداروں کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری نرخ نامے نمایاں مقامات پر آویزاں کیے جائیں تاکہ خریدار مقررہ قیمتوں سے آگاہ رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو معیاری اشیائے ضروریہ مناسب اور سستے داموں فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے گراں فروشوں، ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔

معائنے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ نے متعدد دکانداروں کو نرخ نامے آویزاں نہ کرنے اور زائد قیمتیں وصول کرنے پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے۔ بعض دکانداروں کو سخت وارننگ دی گئی اور آئندہ قانون شکنی کی صورت میں مزید سخت کارروائی کا عندیہ دیا گیا۔

اس موقع پر غزالہ اصغر نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی کے خاتمے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کی چیکنگ کی جائے گی۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور عوام کو لوٹنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے کے ساتھ جیل بھی جانا پڑ سکتا ہے۔ انتظامیہ کی ان کارروائیوں کو شہریوں کی جانب سے بھی سراہا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter