گجرات میں ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم کو رات 11 بج کر 51 منٹ پر ایک گھر میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی۔ کالر کے مطابق رحمان شہید روڈ کے قریب واقع سروس فیکٹری کے نزدیک ایک رہائشی مکان میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر آگ بھڑک اٹھی تھی۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو کنٹرول روم نے فوری طور پر امدادی ٹیموں کو جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق اس آپریشن میں مجموعی طور پر 7 ریسکیورز اور 4 ایمرجنسی وہیکلز نے حصہ لیا۔
ریسکیو عملے نے موقع پر پہنچ کر فائرفائٹنگ کا عمل شروع کیا اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ پر بروقت قابو پا لیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ گیس لیکج کے باعث گھر کے ایک کمرے میں لگی تھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی تھی۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق اس واقعے میں ایک شخص، اریب علی ولد صداقت علی، عمر تقریباً 35 سال، سکنہ شادمان کالونی گجرات، آگ کی لپیٹ میں آ کر متاثر ہوا۔ زخمی شخص کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جس کے بعد اسے مزید علاج کے لیے عزیز بھٹی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
گجرات پولیس کی بڑی کارروائی، ظہیرا ڈکیت گینگ کے 3 ارکان گرفتار
ریسکیو 1122 نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گیس کے آلات اور سلنڈرز کے استعمال میں احتیاط برتیں، گیس لیکج کی صورت میں فوری طور پر بجلی کے سوئچ استعمال نہ کریں اور متعلقہ اداروں کو فوراً اطلاع دیں تاکہ قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان سے بچا جا سکے۔
ریسکیو حکام کے مطابق بروقت اطلاع اور فوری کارروائی کے باعث بڑے جانی و مالی نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔
