ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ملک میں جاری مظاہروں کے تناظر میں سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کرائے کے فوجیوں اور تخریبی عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گا۔
انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایران کے معاملات میں مداخلت کے بجائے اپنے ملک کے مسائل پر توجہ دیں۔
عوام سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ کچھ فسادی عناصر سرکاری املاک کو نقصان پہنچا کر بیرونی طاقتوں، بالخصوص ٹرمپ کو خوش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایرانی عوام پر زور دیا کہ وہ اتحاد و یکجہتی کو ہر صورت برقرار رکھیں اور دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں۔
امریکا اور اسرائیل ایران کے فسادات سے فائدہ اٹھانے سے باز رہیں، ایران
سپریم لیڈر نے کہا کہ گزشتہ رات تہران اور دیگر شہروں میں ایک مخصوص گروہ نے اپنے ہی ملک کی عمارتوں اور سرکاری تنصیبات کو نقصان پہنچایا، جو ناقابلِ قبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے گی جو ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
آیت اللہ خامنہ ای نے واضح الفاظ میں کہا کہ ایران کسی بھی صورت کرائے کے فوجیوں اور بیرونی ایجنڈے پر کام کرنے والوں کو برداشت نہیں کرے گا۔ انہوں نے امریکی صدر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کو چاہیے کہ وہ ایران پر بیانات دینے کے بجائے اپنے ملک میں موجود معاشی اور سماجی مسائل پر توجہ دیں۔
واضح رہے کہ ایران میں معاشی بحران کے خلاف ملک گیر مظاہروں کا سلسلہ 28 دسمبر سے جاری ہے، جو وقت کے ساتھ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ ان مظاہروں کے دوران سکیورٹی اہلکاروں سمیت اب تک 45 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بعض غیر ملکی حکومتوں نے بھی اپنے شہریوں کو ایران میں محتاط رہنے یا ملک چھوڑنے کی ہدایات جاری کی ہیں، جس سے صورتحال کی سنگینی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
