صوبائی وزیر بلدیات بلال یاسین نے گجرات کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے مون سون سیزن سے قبل شہر میں نکاسیٔ آب اور سیوریج کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس دورے کا مقصد ممکنہ بارشوں کے پیش نظر شہریوں کو درپیش مسائل سے بچاؤ کے لیے کیے گئے اقدامات کی جانچ پڑتال اور متعلقہ اداروں کی تیاریوں کا عملی معائنہ کرنا تھا۔
دورے کے موقع پر ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید، ڈپٹی کمشنر گجرات نور العین، ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر واسا حسین فیصل بھلی اور ڈائریکٹر انجینئرنگ واسا شیخ عبدالواہاب بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ موجود تھے۔ واسا حکام نے صوبائی وزیر کو شہر بھر میں جاری نکاسیٔ آب اور سیوریج نظام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، جس میں مون سون سے قبل مکمل کی جانے والی صفائی مہم اور جاری منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
ایم ڈی واسا کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ مون سون سے قبل شہر کی تمام اہم نکاسیٔ آب لائنز، مین ہولز اور نالوں کی صفائی کا عمل تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ بارشوں کے دوران پانی جمع ہونے کے خدشات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے واسا گجرات کی پیشگی تیاریوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بروقت اقدامات شہریوں کو مشکلات سے بچانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
گجرات: اسسٹنٹ کمشنر عبدالقدیر زرکون کا ڈی واٹسن میگا سٹور پر چھاپہ
صوبائی وزیر نے واسا گجرات کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مون سون کے دوران شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مکمل طور پر متحرک کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مون سون کے دوران نکاسیٔ آب کے نظام میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس موقع پر ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز اور فیلڈ ٹیمیں 24 گھنٹے الرٹ رہیں۔ انہوں نے شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بارش کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے واسا کا عملہ ہمہ وقت تیار رہے۔
صوبائی وزیر بلدیات کے اس اچانک دورے کو شہری حلقوں میں خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، جس سے اس امید کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ مون سون کے دوران گجرات کے عوام کو نکاسیٔ آب کے مسائل سے خاطر خواہ حد تک ریلیف مل سکے گا۔
