احتساب عدالت لاہور میں گجرات کے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن سے متعلق ریفرنس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی سمیت تمام ملزمان پر فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس سلسلے میں 15 جنوری 2026 کو سماعت مقرر کر دی گئی ہے۔
احتساب عدالت کے جج نے گجرات میں ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے ریفرنس کی سماعت کی، جس دوران شریک ملزمان سلیمان احمد اور مظفر اقبال کو ریفرنس کی نقول فراہم کی گئیں۔
ادھر، عدالت نے چودھری مونس الہٰی کے اثاثے ضبط اور نیلام کرنے کے خلاف دائر درخواست پر دلائل بھی طلب کر لیے ہیں۔ یہ درخواست مونس الہٰی نے اپنی والدہ قیصرہ الہٰی کے ذریعے دائر کی ہے، جنہیں انہوں نے مختار نامہ دے رکھا ہے۔
پرویز الہٰی عدالت پیش نہ ہوں گے، وکیل نے طبیعت ناساز ہونے کا عندیہ دیا
ریفرنس میں شریک دیگر ملزمان میں محمد خان بھٹی، خالد محمود، سہیل اصغر اعوان، آصف محمود اور دیگر افراد شامل ہیں۔ عدالت نے تمام ملزمان پر فردِ جرم عائد کرنے کے لیے آئندہ سماعت 15 جنوری کو مقرر کر دی ہے۔
