افغانستان کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں کم از کم 17 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہو گئے ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق ملک میں موسم سرما کی پہلی بارش کے بعد کئی علاقوں میں معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ شدید بارشوں اور برف باری کے بعد طویل خشک موسم کا خاتمہ ہوا ہے، تاہم سیلاب نے وسطی، شمالی، جنوبی اور مغربی افغانستان میں سنگین تباہی مچائی ہے۔ مختلف شہروں اور دیہی علاقوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا، جس کے باعث رہائشی علاقوں میں پانی داخل ہو گیا اور بنیادی سہولیات متاثر ہوئیں۔
سیلاب کی تباہ کاریوں سے انفرااسٹرکچر بھی بری طرح متاثر ہوا ہے، جس میں سڑکیں اور پل بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کئی گھریلو اور فارم جانور بھی ہلاک ہوئے، جس سے مقامی لوگوں کی زندگیوں اور معاشی وسائل کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
سری لنکا میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتیں 56 تک پہنچ گئیں
ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محفوظ علاقوں میں رہیں اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاکہ زخمیوں اور متاثرین کو بروقت طبی اور انسانی مدد فراہم کی جا سکے۔
