جہلم میں ٹریفک حادثات کی روک تھام اور قیمتی جانوں کے تحفظ کیلئے ریسکیو 1122 جہلم اور حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کے اشتراک سے جی ٹی روڈ پر عملی آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس کے دوران ٹریکٹر ٹرالیوں اور لوڈر رکشوں پر ریفلیکٹنگ اسٹیکرز چسپاں کیے گئے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم انجینئر سعید احمد نے اس موقع پر کہا کہ حادثات سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر نہایت ضروری ہیں، خصوصاً رات کے وقت اور دھند کے موسم میں بیک لائٹس اور ریفلیکٹرز جان بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریکٹر ٹرالیاں سست رفتار مگر خطرناک سواری ہوتی ہیں، جن کے پیچھے حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث اکثر جان لیوا حادثات پیش آتے ہیں۔
پروگرام کے دوران ڈرائیورز کو عملی طور پر آگاہ کیا گیا کہ وہ اپنی اور دوسروں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کے بانی توصیف بیگ، انسانی حقوق یوتھ اسمبلی ضلع جہلم کے چیئرمین عبدالغفور چوہان اور ٹریفک پولیس کے فوکل پرسن نے بھی شرکت کی۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ قیمتی جانوں کے تحفظ کیلئے آئندہ دنوں میں بھی اس طرح کے عملی آگاہی پروگرام جاری رکھے جائیں گے۔ اس موقع پر قرآن مجید کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ “جس نے ایک انسان کی جان بچائی گویا اس نے پوری انسانیت کی جان بچائی۔”
