عازمینِ حج 2026 کی لازمی تربیت، پہلے مرحلے کا شیڈول جاری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزارتِ مذہبی امور نے عازمینِ حج 2026 کے لیے لازمی تربیتی پروگرام کے پہلے مرحلے کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔ ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق حج تربیت کا آغاز یکم جنوری 2026 سے اسلام آباد میں ہوگا، جس کے بعد مرحلہ وار ملک بھر کے مختلف شہروں میں تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔

latest urdu news

ترجمان نے بتایا کہ عازمین کو تربیتی شیڈول سے متعلق معلومات موبائل ایپ ’پاک حج 2026‘ اور ایس ایم ایس کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ مکمل شیڈول وزارتِ مذہبی امور کی سرکاری ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہے۔ ان تربیتی سیشنز کا مقصد عازمین کو مناسکِ حج، سفری امور اور سعودی عرب میں قیام کے دوران ضروری ہدایات سے آگاہ کرنا ہے۔

جاری کردہ شیڈول کے مطابق 2 جنوری کو ایبٹ آباد، گھوٹکی، ٹھٹھہ اور کوٹلی آزاد کشمیر میں تربیتی پروگرام منعقد ہوں گے۔ 3 جنوری کو مزید شہروں میں تربیتی سرگرمیاں جاری رہیں گی، جبکہ 4 جنوری کو میرپور آزاد کشمیر، ٹنڈو محمد خان اور خیر پور سندھ میں عازمینِ حج کو تربیت دی جائے گی۔

5 جنوری کو آزاد کشمیر کے شہر راولا کوٹ، بدین اور نوشہرو فیروز میں حج تربیتی کیمپس لگائے جائیں گے۔ اسی طرح 6 جنوری کو فتح جنگ، دادو اور تھرپارکر (مٹھی) کے گرد و نواح سے تعلق رکھنے والے عازمین کو تربیت فراہم کی جائے گی۔

حج 2026 کے لیے طبی عملے کی خدمات لینے کا فیصلہ

ترجمان کے مطابق 7 جنوری کو عمر کوٹ، لاڑکانہ اور ہری پور میں، جبکہ 8 جنوری کو میرپور خاص، شہداد کوٹ اور مانسہرہ میں حج تربیتی پروگرامز کا انعقاد ہوگا۔ یہ ایک روزہ تربیتی پروگرامز مرحلہ وار ملک بھر میں تحصیل کی سطح پر فروری 2026 تک جاری رہیں گے۔

وزارتِ مذہبی امور نے عازمینِ حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ تربیتی پروگرام میں شرکت کے لیے اپنا اصل قومی شناختی کارڈ اور حج درخواست کی کمپیوٹرائزڈ رسید لازمی طور پر ساتھ لائیں۔ عازمین کو یہ بھی تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق ایک روزہ تربیتی سیشن میں شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ حج کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter