متحدہ عرب امارات میں پیٹرولیم مصنوعات سستی، نئی قیمتوں کا اعلان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

دبئی: متحدہ عرب امارات میں نئے سال سے قبل عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ فیول پرائس کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جنوری کے لیے پیٹرول کی نئی قیمتیں مقرر کر دی گئی ہیں، جو دسمبر کے مقابلے میں کم ہیں۔

latest urdu news

کمیٹی کے مطابق پیٹرول سپر 98 کی قیمت کم کر کے 2.53 درہم فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ دسمبر میں یہی پیٹرول 2.70 درہم فی لیٹر میں فروخت ہو رہا تھا۔ اسی طرح پیٹرول اسپیشل 95 کی قیمت بھی کم ہو گئی ہے، جس کی نئی قیمت 2.42 درہم فی لیٹر طے کی گئی ہے، جو دسمبر میں 2.58 درہم فی لیٹر تھی۔

پیٹرولیم قیمتوں میں اس کمی کو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور مارکیٹ کے رجحانات سے جوڑا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے نہ صرف عام صارفین کو فائدہ ہوگا بلکہ ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں بھی اخراجات میں کمی آنے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ہر ماہ فیول پرائس کمیٹی عالمی تیل مارکیٹ کے نرخوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کرتی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جنوری سے ہو جائے گا، جس کے بعد صارفین کم نرخوں پر پیٹرول حاصل کر سکیں گے۔

عوامی حلقوں کی جانب سے پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب نئے سال کے آغاز پر گھریلو اخراجات میں اضافے کا دباؤ ہوتا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter