پاکستان سمیت دنیا بھر میں نئے سال کے استقبال کا باضابطہ کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو چکا ہے۔ سال 2025 کے اختتام اور 2026 کے آغاز میں اب صرف چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں، جبکہ مختلف ممالک میں جشن کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔
دنیا بھر میں سب سے پہلے 2026 کا سورج نیوزی لینڈ میں طلوع ہوگا۔ پاکستانی وقت کے مطابق آکلینڈ میں آج شام 4 بجے نئے سال کا آغاز ہو جائے گا، جبکہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں شام 6 بجے سال نو کا استقبال کیا جائے گا۔ اس کے بعد دنیا کے مختلف خطوں میں یکے بعد دیگرے نئے سال کی تقریبات کا سلسلہ شروع ہوگا۔
عالمی شہروں میں سال نو کی تقریبات کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ دبئی میں دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر رات 12 بجے شاندار آتش بازی اور لائٹ شو منعقد ہوگا۔ نیویارک کے مشہور ٹائم اسکوائر میں پاکستانی وقت کے مطابق رات 2 بجے روایتی بال ڈراپ کے ساتھ سال نو کا جشن منایا جائے گا، جبکہ لندن اور پیرس میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح 4 بجے نئے سال کا آغاز ہوگا۔
دنیا کے مختلف حصوں میں لاکھوں افراد روایتی کاؤنٹ ڈاؤن میں شرکت کریں گے، ایک دوسرے کو مبارکباد دیں گے اور آنے والے سال کے لیے دعائیں مانگیں گے۔ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں نئے سال کی خوشی میں خصوصی نیو ایئر پارٹی منعقد کی جائے گی، جس میں روایتی چینی اوپرا پیش کیا جائے گا۔
پاکستان میں بھی سال نو کے استقبال کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ اسلام آباد، کراچی، لاہور اور دیگر بڑے شہروں میں شہری نئے سال کی خوشیوں کے لیے مختلف تقریبات کا اہتمام کر رہے ہیں۔ کئی مقامات پر آتش بازی اور لائٹ شوز کے ذریعے سال نو کا خیر مقدم کیا جائے گا۔
کراچی میں خاص طور پر گورنر ہاؤس سندھ میں رات 12 بجتے ہی آتش بازی کا اہتمام کیا جائے گا، جہاں شہری بڑی تعداد میں نئے سال کے آغاز کا مشاہدہ کریں گے۔ انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں تاکہ تقریبات پُرامن انداز میں منعقد ہو سکیں۔
یوں دنیا بھر میں لوگ امید، خوشی اور نئی توقعات کے ساتھ 2026 کا استقبال کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار نظر آ رہے ہیں۔
