تاجروں کا 16 جنوری کو ملک بھر کے چوک بند کرنے کا اعلان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 16 جنوری کو ملک بھر کے چوک بند کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) قانون کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے اور اسے ایک “کالا قانون” قرار دیتی ہے، جو تاجروں کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔

latest urdu news

اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کے اہلکار مبینہ طور پر رشوت وصول کر رہے ہیں اور پی او ایس سسٹم نہ لگانے پر تاجروں کو پانچ لاکھ روپے تک کے بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایف بی آر میں کرپشن کھلے عام ہو چکی ہے، جس کے باعث ملک کی معیشت شدید متاثر ہو رہی ہے۔

صدر انجمن تاجران کے مطابق کرپشن اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک بھر میں خرید و فروخت میں تقریباً 70 فیصد تک کمی آ چکی ہے، جبکہ صنعتیں بند ہو رہی ہیں اور سرمایہ کاری دبئی سمیت دیگر بیرونِ ملک منتقل کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال ملک کو سنگین معاشی بحران کی طرف دھکیل رہی ہے۔

اجمل بلوچ نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایم این ایز اور وزرا مہنگی گاڑیوں میں گھوم رہے ہیں، جو ان کے بقول فلائی اوورز اور انڈر پاسز کے کمیشن کا پیسہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ احتجاج صرف چوکوں تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اسلام آباد میں سری نگر ہائی وے کو بھی بند کیا جائے گا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ شوکت عزیز کے دور کی طرح ایف بی آر کو ختم کیا جائے اور کہا کہ تاجر برادری ڈبل ٹیکس دینے کے لیے بھی تیار ہے، مگر موجودہ ٹیکس نظام کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter