الیکشن کمیشن کی تاریخ ملتے ہی بلدیاتی انتخابات کروا دیے جائیں گے، عظمیٰ بخاری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن جب بھی بلدیاتی انتخابات کی تاریخ دے گا، پنجاب حکومت انتخابات کروانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کے پاس اخلاقیات نام کی کوئی چیز نہیں، وہ دوسروں پر تنقید کرنے کے قابل نہیں ہوتے۔

latest urdu news

پنجاب اسمبلی کی میڈیا گیلری میں گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ڈور کے غلط استعمال کی وجہ سے بسنت کے تہوار کو شدید نقصان پہنچا۔ انہوں نے واضح کیا کہ 6، 7 اور 8 فروری کے علاوہ اگر کوئی پتنگ اڑاتا پایا گیا تو اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تہوار کو ہم نے ہی خراب کیا ہے اور اب ہم ہی اسے درست کریں گے۔

صحت کے شعبے سے متعلق بات کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 2027 میں نواز شریف کینسر اسپتال مکمل طور پر فعال ہو جائے گا، جہاں کینسر کے کسی بھی اسٹیج کے مریض کو علاج سے انکار نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مریم نواز ہیلتھ کلینکس مؤثر طریقے سے کام کر رہے ہیں اور اب تک ان مراکز میں 16 ہزار سرجریز کی جا چکی ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ دورِ حکومت میں ادویات کی فراہمی بند تھی، تاہم اب وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر گھروں کی دہلیز پر ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہیلتھ سسٹم کی مکمل اصلاح اور بہتری کے لیے بھرپور محنت کی ہے۔ ایک سال کے اندر سرگودھا میں 189 بستروں پر مشتمل جدید کارڈیالوجی اسپتال بنایا گیا، جس کی او پی ڈی نے کام شروع کر دیا ہے۔ اسی طرح لاہور میں نواز شریف اسپتال تیزی سے تعمیر ہو رہا ہے۔ عظمیٰ بخاری کے مطابق رواں سال 90 فیصد بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جا چکے ہیں اور سانپ و کتے کے کاٹنے کی ویکسین پنجاب کے تمام اسپتالوں میں دستیاب ہے۔

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری، پولنگ 15 فروری کو ہوگی

امن و امان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ اگلے سال تک تمام تحصیلوں میں سیف سٹی منصوبہ فعال ہو جائے گا۔ خواتین پر تشدد وزیراعلیٰ پنجاب کی ریڈ لائن ہے اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ورچوئل پولیس اسٹیشن پروگرام کامیابی سے جاری ہے، جبکہ لاہور کے گرلز کالجز کے قریب ایمرجنسی بٹن نصب کیے گئے ہیں۔ خواتین ویڈیو ایپ کے ذریعے بھی اپنی شکایات درج کروا سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں پنجاب میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter